13 جون ، 2013
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے گجرات میں اسکول وین سانحہ سے متعلق ازخود نوٹس کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے گجرات میں اسکول وین حادثے میں 18 طالب علموں کے جاں بحق ہونے سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کی۔ اوگرا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی حکومت کو پبلک ٹرانسپورٹ میں سی این جی بند کرنے کیلیے لکھا ہے۔ اس کے بغیر عوامی تحفظ کے اقدامات یقینی نہیں بنائے جاسکتے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جن کو گھربیٹھے پیسے مل جائیں وہ گاڑیاں کیوں چیک کریں گے۔ سب کے بچے ایک جیسے ہوتے ہیں ،موت کے پروانے توجاری نہ کریں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ملک میں قانون کا نفاذ نہیں ہوتا،یہ سارا موت کا کاروبار ہورہا ہے۔