دنیا
14 جون ، 2013

ایران کے صدارتی انتخابات میں پولنگ

ایران کے صدارتی انتخابات میں پولنگ

تہران…ایران میں آج گیارہویں صدارتی انتخابات کے لئے پولنگ جاری ہے۔ انتخابی دوڑ میں شریک 6 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے تہران میں اپنا ووٹ ڈالا۔ صدارتی دوڑ میں شامل افراد میں اعتدال پسندوں کے حمایت یافتہ سابق جوہری مذاکرات کار حسن روحانی شامل ہیں۔سابق صدر ہاشمی رفسنجانی کے علاوہ اصلاح پسند اور اعتدال پسند رہنماؤں نے حسن روحانی کی حمایت کی ہے۔ امیدواروں کی اکثریت سپریم لیڈر خامنہ ای کے قریبی سمجھے جانے والے قدامت پسند رہنماؤں کی ہے۔ ان رہنماؤں میں جوہری پروگرام کے عالمی مذاکرات کار سعید جلیلی ،سابق وزیر خارجہ علی اکبر ولایتی، تہران کے میئر محمد باقر قالیباف، پاسداران انقلاب کے سابق سربراہ محسن رضاعی اور ٹیلی کمیو نی کیشن کے سابق وزیرمحمد غرازی شامل ہیں۔ گزشتہ روز پانچ قدامت پسند امیدواروں میں سے تین کو جلیلی اور قالیباف کے حق میں دستبردار کرانے کی کوششیں کی گئی تھی تاہم قدامت پسند امیدواروں نے اس تجویز کو مسترد کردیا جس کے بعد اب قدامت پسندوں کا ووٹ تقسیم ہونے کا خدشہ ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایرانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ ووٹ ڈالنے کیلئے بڑی تعداد میں باہر نکلیں۔ پولنگ ایرانی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے شروع ہوکر شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔

مزید خبریں :