14 جون ، 2013
اسلام آباد…ملک بھر میں بارشوں سے گرمی کی شدت کم ہوئی ہے،محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں سے گرمی کچھ کم ہوئی ہے۔سندھ میں گزشتہ روز بارش ہوتے ہی شدید گرمی کی لہر کسی حد تک کم ہوگئی ہے اور گرمی سے بے حال لوگوں کے چہرے کھل اٹھے ہیں۔پنجاب ،بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش سے گرمی دور ہوئی ہے۔گلگت بلتستان میں استور اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیاہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں سکھر،لاڑکانہ،حیدرآباد،میرپور خاص اور کراچی ڈویژن،خیبر پختونخوا میں مالاکنڈ،ہزارہ،پشاور،بنوں،کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژنوں سمیت پنجاب،کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔