پاکستان
16 جون ، 2013

ایسا نظام لائیں گے کہ عوام کو ہمارے پاس نہ آنا پڑے،پرویز خٹک

 ایسا نظام لائیں گے کہ عوام کو ہمارے پاس نہ آنا پڑے،پرویز خٹک

پشاور…وزیر اعلی خیبرپختونخواہ پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ صوبے میں ایک ایسا نظام متعارف کرائیں گے۔ جس میں عوام کو ہمارے پاس آنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ان کے مسائل موقع پر حل ہوجائیں گے۔ میں نے تمام محکمہ جات کے افسران کو خصوصی ہدایت جاری کردی ہے کہ عوام کو شکایت کا موقع نہ دیں۔ اگر عوام کے مسائل حل نہ ہوئے تو غفلت برتنے والے افسران کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑیگا۔ نوشہرہ کے علاقے مانکی شریف میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خان خٹک نے کہا کہ پورے پاکستان اور دنیابھرکی نظریں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت پر ہیں۔ ہم ہر چیلنج قبول کرنے کے لئے تیار ہیں۔اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام سے کیا ہوا ہر وعدہ یاد ہے۔ اور ہمیں چاہے جتنی بھی نقصان اٹھانی پڑے اپنے وعدے پورے کریں گے۔پرویز خان خٹک نے مزید کہا کہ ہم عوام دوست بجٹ پیش کریں گے۔ اورانشاء اللہ عوام کو اس بجٹ سے خوشی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے قومی اسمبلی سے خطاب کے بعد ہم اسے صوبہ خیبرپختونخواہ آنے کی دعوت دیں گے۔ تاکہ وہ یہاں کے نمائندوں سے ملے اور بہتر طریقے سے ہماری رہنمائی کرے۔انہوں نے قائداعظم کی رہائش گاہ پر حملے کی مذمت کی اور کوئٹہ اور بولان حملے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم بلوچستان کے عوام کے ساتھ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ پرویز خان خٹک اپنے حلقے کے عوام سے ملے اور ان کا شکریہ ادا کیا۔جبکہ انہوں نے اپنے علاقے میں وفات پانے والوں کے لئے فاتحہ خوانی میں بھی شرکت کی۔

مزید خبریں :