17 جون ، 2013
لاہور…موٹروے پر سفر کے دوران رکن پنجاب اسمبلی اوربس ہوسٹس میں پانی پلانے کے مسئلے پرمبینہ طورپر تلخ کلامی ہوگئی ، ایم پی اے نے مقدمہ درج کرادیا ۔ پولیس نے بس ہوسٹس کو اپنی تحویل میں لیا پھر چھوڑدیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ رکن اسمبلی اورشہری برابر ہیں ،قانون سب کیلئے ایک ہے۔مری سے لاہور جانیوالی نجی کمپنی کی بس میں سوار مسلم لیگ نو ن کی ایم پی اے نگہت شیخ اوربس ہوسٹس میں پانی پلانیپر مبینہ طورپر تلخ کلامی ہوئی اورنوبت جھگڑے تک پہنچ گئی۔ ایم پی اے کی شکایت پر پولیس بس کو تھانے لے آئی اوربس ہوسٹس اقراء کیخلاف دفعہ 506 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ، ڈی ایس پی میاں خان کے مطابق ہوسٹس اقراء پوچھ گچھ کیلئے تحویل میں لے کر چھوڑدیاگیا۔ ایم پی اے نگہت شیخ کا کہنا تھا کہ ہوسٹس نے زیادتی کی ، بس انتظامیہ سے شکایت پر ہوسٹس نے بھیرہ پہنچ کر جھگڑا شروع کردیا۔ نگہت شیخ کا کہناتھاکہ انہوں نے جو کیا قانون کے دائرے میں رہ کرکیا۔بس لاہورپہنچنے پر ہوسٹس اقراء نوازنے بتایا کہ انکے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، ایم پی اے پہلے تھپڑمارے بعد میں تھانے پہنچادیا ، ایم پی اے نے گالیاں دیں اورذات پر بھی کیچڑ اچھالا۔بس کے مسافروں کا کہناتھاکہ ایم پی اے کا سلوک نارواتھا انھوں نے بس ہوسٹس کی توہین کی۔ ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو تحقیقات کا حکم دیدیا۔ وزیر اعلیٰ کا کہناتھاکہ کسی شہری سے زیادتی نہیں ہونے دیں گے ، قانون سب کیلیے برابرہے۔