17 جون ، 2013
کراچی… سندھ کامجوزہ بجٹ کے مجموعی حجم 625 ارب سے زیادہ ہوگا،سندھ کا نئے مالی سال کا بجٹ بھی آج وزیراعلیٰ قائم علی شاہ اسمبلی میں پیش کریں گے۔نئے بجٹ میں گورنر کے صوابدیدی ترقیاتی فنڈز ایک ارب سے کم کرکے گیارہ کروڑ روپے کرنے کی تجویز ہے۔سندھ کے نئے مالی سال کا بجٹ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ سید مراد علی شاہ نے تیار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10سے 15فیصد اضافہ متوقع ہے۔بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔سندھ میں صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام170ارب روپے سے زائد کا ہوگا۔ذرائع کے مطابق اراکین صوبائی اسمبلی کے ترقیاتی پروگرام کیلئے8ارب 60 کروڑ مختص کرنے کاامکان ہے۔ذرائع کے مطابق مجوزہ بجٹ میں کوئلے اور توانائی کے شعبوں کیلئے21ارب سے زائدرکھے جائیں گے۔ صحت کے شعبے کیلئے 17ارب روپے مختص کیے جانے کی توقع ہے۔سندھ کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں15ہزار سے زاید نئی آسامیاں پیدا کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق سندھ میں سابقہ دور حکومت کے دوران جاری رہنے والے فلاحی منصوبوں کو آیندہ مالی سال بھی جاری رکھنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ مختلف شعبوں کے کے لئے مختص سندھ فنڈز میں تین ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔ جس کی صوابدید وزیر اعلی سندھ کو ہو گی۔