پاکستان
18 جون ، 2013

آنے والے وقتوں میں ڈرون حملے روکنے میں کامیاب ہو جائیں گے،سرتاج عزیز

 آنے والے وقتوں میں ڈرون حملے روکنے میں کامیاب ہو جائیں گے،سرتاج عزیز

اسلام آباد…وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان ڈرون حملوں بارے اعلیٰ سطح کا اجلاس جلد ہونے والاہے ، آنے والے وقتوں میں ڈرون حملے روکنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔تحریک انصاف کی رہ نما شیری مزاری نے ڈرون حملوں پر قومی اسمبلی میں توجہ دلاو نوٹس پر کہا کہ ڈرون حملے ہو رہے ہیں، حکومت نے انہیں روکنے کے لیے کچھ نہیں کیا، سرتاج عزیز نے کہا کہ وہ حملوں کی مذمت کرتے ہیں، یہ ملکی خود مختاری اور علاقائی امن کے خلاف ہیں، وزیراعظم نے واضع کر دیا ہے کہ ڈرون حملوں سے دونوں ممالک کے تعلقات پر اثر پڑتا ہے ، امریکہ کو آگاہ کر دیا ہے کہ پاکستان کو ڈرون حملوں پر شدید اعتراض ہے ، شیری مزاری کا کہنا تھا کہ یہ وزارت خارجہ کا روایتی بیان پڑھ کر سنایا جا رہے ، اس پر اعتماد نہیں کرتے ، ڈرون حملے روکنے کے لیے باتوں کے سوا حقیقی طور پر کیا اقدامات کیے گئے، سرتاج عزیز نے ایوان کو بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کا اجلاس جلد ہونے والاہے ، پاکستان اپنی حکمت عملی پیش کرے گا۔حکومت پاکستان نے اجلاس میں بھرپور موقف پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سرتاج عزیز نے کہا کہ رواں سال اب تک 13 ڈرون حملے ہو چکے ہیں ۔گزشتہ سال 14 جبکہ 2011 میں 62 اور 2010 میں 115 ڈرون حملے ہوئے۔سال 2009 میں 49، 2008 میں 34 اور 2007 میں 14 ڈرون حملے ہوئے۔

مزید خبریں :