11 مارچ ، 2012
ڈھاکا…پاکستان نے ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بنگلا دیش کو جیت کے لئے 263رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ڈھاکا کے شیربنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کرپاکستان کوپہلے بیٹنگ کی دعوت دی،پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 262رنزبنائے۔پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز پراعتماد انداز سے کیا اوراس کی پہلی وکٹ 135رنز پراس وقت گری جب اوپنرناصر جمشید54رنز بناکررن آوٴٹ ہوئے۔دوسرے اوپنر محمد حفیظ نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور89رنز بنا کرآوٴٹ ہوئے۔تاہم ون ڈاوٴن آنے والے یونس خان اور سیکنڈ ڈاوٴن آنے والے عمراکمل کوئی خاص کارکردگی کامظاہرہ نہ کرسکے اور بالترتیب12اور 21رنز بناکرپویلین لوٹ گئے۔ان کے بعدآنے والا کوئی بھی بیٹسمین جم کرنہ کھیل سکا ۔اسد شفیق4،کپتان مصباح الحق8 اورشاہد آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آوٴٹ ہوئے تاہم ان کے بعد آنے والے سرفراز احمد اورعمر گل وکٹ پر جم گئے ۔عمر گل 25گیندوں پر ایک چھکے اورپانچ چوکوں کی مدد سے 39رنز بنا کرآوٴٹ ہوئے،یہ عمر گل کا ون ڈے میں سب سے بڑا اسکور ہے۔بنگلادیش کی جانب سے شہادت حسین نے تین،شکیب الحسن نے دو جبکہ مشرف المرتضیٰ اورعبدالرزاق نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔