11 مارچ ، 2012
اسلام آباد … سینیٹ کے نو منتخب 54 ارکان کل حلف لیں گے جس کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب ہوگا سینیٹ کا اجلاس کل صبح دس بجے پارلیمنٹ ہاوٴس اسلام آباد میں ہوگا، اجلاس کی صدارت صدر کے نامزد کردہ رکن افراسیاب خٹک کریں گے، اجلاس میں نومنتخب سینیٹرز حلف اٹھائیں گے اور رول آف ممبرز پر دستخط کریں گے، جس کے بعد اجلاس دوپہر 3 بجے تک ملتوی کردیا جائے گا۔ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے کاغذات نامزدگی دوپہر 12 بجے تک سیکریٹری سینیٹ کے پاس جمع کرائے جاسکیں گے جن کی جانچ پڑتال دو پہر 2 بجے کی جائے گی، ایک عہدے کیلئے ایک سے زیادہ امیدوار سامنے آنے کی صورت میں 3 بجے سے خفیہ رائے شماری کے ذریعے پولنگ کا آغاز کیا جائے گا، پہلے چیئرمین کا انتخاب اور ان کی حلف برداری ہوگی، پریزائیڈنگ آفیسر حلف لیں گے۔ جس کے بعد نومنتخب چیئرمین کی نگرانی میں ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب اور حلف برداری ہوگی، یہ عمل مکمل ہونے کے بعد اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا جائے گا۔