11 مارچ ، 2012
کراچی … سندھ میں ضلعی الیکشن آفسز نے الیکٹرولز میں خامیوں اور شکایات کی تفصیلات فراہم کردیں، ووٹرز کے نام دیگر صوبوں میں درج جبکہ کمیشن کے تصحیح شدہ ڈرافٹ رول انٹر ہی نہیں کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق سندھ کے ضلعی الیکشن آفسز نے الیکٹرول میں خامیوں اور شکایات کی رپورٹ صوبائی الیکشن کمیشن کو بھیج دی ہیں۔ سندھ کے کئی ایم پی ایز سمیت بڑی تعداد میں لوگوں کے نام دیگر اضلاع اور بلوچستان میں رجسٹر ہوگئے، ان میں صوبائی وزیر فیصل سبزواری اور رکن اسمبلی انور مہر و دیگر شامل ہیں۔ ضلعی الیکشن دفاتر کی رپورٹ کے مطابق مردم شماری میں بنائے گئے بلاکس میں ووٹروں کے پورے بلاک ہی تبدیل ہوگئے ہیں جبکہ نادرا نے الیکشن کمیشن سندھ کے تصحیح شدہ ڈرافٹ الیکٹرول کا مکمل اندراج نہیں کیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ الیکٹرولز کے لئے خاندانوں اور علاقوں کے فارم ٹو دوبارہ بھروا کربھیجے گئے لیکن وہ بھی درج نہیں کئے گئے۔ صوبائی الیکشن کمیشن الیکٹرولز میں غلطیوں کی رپورٹ کل الیکشن کمیشن پاکستان کو بھیجے گا۔