11 مارچ ، 2012
راولپنڈی … انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب حبیب الرحمان نے کہاہے کہ لوگوں کو انصاف کی فراہمی کیلئے رشوت کا خاتمہ کرنا ہوگا، ضلع راولپنڈی کے پولیس افسران نے حلف دیا ہے کہ وہ آئندہ رشوت نہیں لیں گے۔ وہ راولپنڈی پولیس لائنز میں پولیس دربار سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ تھانوں میں شہریوں کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھنے کے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کریں اور باقاعدگی سے اپنے متعلقہ تھانوں کا دورہ کریں۔ بعد میں آئی جی پنجاب راولپنڈی میں 9 ماہ قبل قتل کی گئی دو بہنوں کے گھر بھی گئے اور ورثاء سے واقعے پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ دہرے قتل کی واردات میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا جس کیلئے ایس پی پوٹھوہار کی زیر نگرانی 3 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔