11 مارچ ، 2012
کراچی … مسلم لیگ نواز میں شمولیت اختیار کرنے والی ماروی میمن نے کہا ہے کہ مجھے لوٹا کہنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں، انہوں نے کہا ہے کہ روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں نے صرف جیب بھرنے کی سیاست کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ماروی میمن نے کہا کہ مسلم لیگ نواز کا شکر گزار ہوں کہ مجھ پر اعتماد کیا اور کراچی پہنچنے پر شاندار استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی کو کوئی نہیں روک سکتا اور تبدیلی سندھ میں بھی آئے گی۔ بعد ازاں مسلم لیگ ن کی جانب سے ماروی میمن کیلئے استقبالیہ جلسہ منعقد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ماروی میمن نے کہا کہ سندھ کی عوام کی عزت نفس پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے، پیپلز پارٹی نے لاقانونیت، بدامنی اور بے روزگاری کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ ماروی میمن نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے خلاف منفی پراپیگنڈہ زیادہ دیر نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن سندھ سمیت پورے پاکستان کی جماعت ہے۔ ماروی میمن نے کہا کہ سندھ ایک کارڈ نہیں بلکہ ایک کاز ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن سندھ کے صدر غوث علی شاہ نے کہا کہ ماروی میمن سندھ کی دلیر عورت ہے اور انہوں نے بہت جلد سمجھ لیا کہ صرف مسلم لیگ ن ہی ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے۔