11 مارچ ، 2012
کراچی … کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے خاتون سمیت 4افراد قتل کر دیئے گئے جبکہ ایک خاتون کی ہاتھ پاوٴں کٹی لاش ملی ہے۔ پولیس کے مطابق سعید آباد کے علاقے میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ سپر ہائی وے پر فقیرہ گوٹھ کے قریب مسلح شخص نے فائرنگ کر کے حسینہ اور اس کے دوست حبیب اللہ کو قتل کر دیا، رابطہ کرنے پر پولیس حکام نے جیو نیوز کو بتایا کہ مقتولہ حسینہ نے خلع کیلئے اپنے شوہر کو نوٹس دیا ہوا تھا، اتوار کو حسینہ اپنے کسی رشتے دار سے ملنے فقیرہ گوٹھ گئی تو حسینہ کے شوہر نے اسے اور اس کے دوست کو غیرت کے نام پر قتل کردیا اور فرار ہو گیا، پولیس ملزم کو تلاش کر رہی ہے۔ سولجر بازار کے علاقے میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے جہانگیر نامی شخص کو ہلاک کردیا، قتل کی وجوہات کے بارے میں پولیس تفتیش کر رہی ہے۔ لسبیلہ میں مچھلی مارکیٹ کے قریب ایک خاتون کی ہاتھ پاوٴں کٹی لاش ملی ہے جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔