پاکستان
21 جون ، 2013

ساجدشہید87ء میں کونسلر اور2005ء میں جسٹس آف پیس رہے

کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی ساجدقریشی اور انکے جواں سالہ صاحبزادے وقاص قریشی کو مسلح دہشت گردوں نے نارتھ ناظم آباد بلاک B میں واقع مسجد الہدیٰ کے باہر فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا۔52 سالہ ساجدقریشی شہید کا شمارایم کیوایم کے سینئرترین کارکنان میں ہوتا ہے اور وہ 1987ء سے ایم کیوایم سے وابستہ تھے ۔شہید ایم کیوایم نارتھ ناظم آبادیونٹ 171 کے کارکن تھے اور تعمیرات کے شعبہ سے وابستہ تھے ۔ ساجد قریشی شہید قائد تحریک الطاف حسین سے والہانہ عقیدت ومحبت رکھتے تھے اورایم کیوایم کے تمام تنظیمی پروگراموں میں باقائدگی سے شرکت کیاکرتے تھے۔ساجدقریشی شہید، ایف 70 ، بلاک B نارتھ ناظم آباد کراچی میں رہائش پذیرتھے۔شہیدانتہائی ملنسار،خوش اخلاق، شریف انفس انسان اور ہرایک کی مددکرنے میں خوشی محسوس کیا کرتے تھے اورعلاقے میں ہردلعزیز شخصیت تھے ۔ساجد قریشی شہید کو ان کی تنظیمی خدمات کے عوض مئی 2013ء کے عام انتخابات میں ایم کیوایم کا امیدوارنامزد کیا گیا تھا اوروہ پی ایس 103 سے منتخب ہوکر سندھ اسمبلی کے رکن بنے ۔ان کے27 سالہ صاحبزادے وقاص قریشی شہید بھی نارتھ ناظم آباد یونٹ 171 کے سرگرم کارکن تھے ،وقاص شہید گزشتہ سال لندن سے گریجویشن کے بعد ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں بھی خدمات انجام دیتے رہے۔وہ ایم کیوایم کے سائبرکیم ونگ سے وابستہ تھے ۔ساجد قریشی شہید نے پسماندگان میں بیوہ ، دو بیٹوں اور ایک بیٹی کوسوگوارچھوڑا ہے۔ساجد قریشی شہید کے بڑے بھائی زاہد قریشی بھی رکن سندھ اسمبلی رہ چکے ہیں اور اس وقت نائن زیرو پر ایم کیوایم کے الیکشن سیل کے رکن کی حیثیت سے تنظیمی خدمات انجام دے رہے ہیں۔واضح رہے کہ ڈیڑھ ہفتہ قبل ساجد قریشی شہیدکے چھوٹے بھائی ماجدقریشی انتقال کرگئے تھے اوران کا خاندان پہلے سے ہی سوگوارتھا۔ ساجد قریشی اور ان کے بیٹے وقاص قریشی کی شہادت نے غم زدہ خاندان کو مزیدسوگوارکردیا ہے۔

مزید خبریں :