22 جون ، 2013
کراچی … کراچی سینٹرل جیل پر نامعلوم ملزمان نے دستی بموں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے، ڈی آئی جی جیل کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پہلے فائرنگ کی اس کے بعد 2 دستی بم پھینکے۔ نمائندہ جیو نیوز ظل حیدر کے مطابق کراچی سینٹرل جیل پر نامعلوم ملزمان نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزمان نے جیل چورنگی پر واقع پل سے آئی جی سینٹرل جیل کے دفتر پر پہلے فائرنگ کی اس کے بعد 2 دستی بم پھینکے جس کے نتیجے میں سیکیورٹی پر مامور 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔ جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سینٹرل جیل کراچی میں کالعدم تنظیموں کے 65 ارکان سمیت کئی دہشت گرد موجود ہیں جنہیں اندرون سندھ منتقل کیا جارہا ہے، واقعہ اس کا رد عمل ہوسکتا ہے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی مزید سخت اور جیل کے تمام دروازے بند کردیئے گئے جبکہ مسلح ملزمان کی تلاش کیلئے قریبی تھانوں کی پولیس کومتحرک کردیا گیا۔ دھماکے سے جیل کی دیواروں کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔