پاکستان
23 جون ، 2013

سیاحوں کا بہیمانہ قتل پاکستان کے خلاف گھناوٴنی سازش ہے ،حامد موسوی

 سیاحوں کا بہیمانہ قتل پاکستان کے خلاف گھناوٴنی سازش ہے ،حامد موسوی

اسلام آباد…قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ نانگا پربت بیس کیمپ میں غیر ملکی سیاحوں کا بہیمانہ قتل پاکستان کے خلاف گھناوٴنی سازش ہے ، گوادر پورٹ کی چین کو حوالگی نے پاکستان دشمنوں کی نیندیں حرام کردی ہیں پاکستان کے دیرینہ دوستوں کوپاکستان سے دور کرنا اور عالمی سطح پر اسے تنہا کردینا امریکہ اور یہود و ہنود کے استعماری ثلاثہ کی اولین ترجیح ہے ،کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت استصواب رائے کے سوا مسئلہ کشمیر کا کوئی اورحل شہیدوں کے لہو سے غداری ہوگی ۔تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے پاکستان کو مسلکی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی سازش کو ناکام بنایا تمام مسالک مکاتب کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے فروغ کیلئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی ،پاکستان میں کوئی مسلکی و مکتبی تنازعہ نہیں گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سید ساجد حسین کا ظمی کی قیادت میں ٹی این ایف جے آزاد کشمیر کونسل کے عہدیداران کے ایک بڑے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے ملک کے طول و عرض میں ہونے والے دہشت گردی کے سانحات سے ایسا محسوس ہو تا ہے کہ پورے ملک کو دہشت گردوں کے حوالے کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :