12 مارچ ، 2012
اسلام آباد… مالاکنڈ ڈویژن میں ایک بار پھر برفباری کا سلسلہ شروع ہونے سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے، سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ مالاکنڈ ڈویژن میں لوئر دیر، اپردیر ، شاہی ، بن شاہی اور مسکینی درہ سمیت مختلف پہاڑی علاقوں میں آج صبح سے ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ مختلف علاقوں میں رابطہ سڑکیں بھی منقطع ہوگئی ہیں۔ ہزارہ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر موسم ابر آلود ہے، ضلع غذر میں تیز ہوائیں چلنے سے بجلی کے تار ٹوٹ گئے جس سے مختلف علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی ہے۔ چترال میں گزشتہ دو روز سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، لواری ٹنل کے دونوں اطراف پاک فوج کے انجینئرز بھاری مشینری سے برف ہٹاکر راستہ بحال کرنے میں مصروف ہیں۔ آزادکشمیر میں مظفرآباد کے بالائی علاقوں وادی نیلم ،کیل اور تاوٴ بٹ میں برف باری اور نشیبی علاقوں میں بارش ہورہی ہے۔ بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔