24 جون ، 2013
اسلام آباد…سینیٹ کی ذیلی قائمہ کمیٹی برائے پانی وبجلی کے سربراہ شاہی سید نے کہا ہے کہ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کے بعد عوام کو لوٹنے والوں کا گریبان پکڑاجائے گا ، کراچی کے عوام پر مہنگی بجلی کا کا عذات مسلط نہیں ہونے دینگے۔ اسلام آبادمیں سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے پانی وبجلی کے اجلاس کے بعدمیڈیاسے بات چیت میں شاہی سید کاکہناتھاکہ 2008میں کے ای ایس سی کو الجما گروپ سے ابراج کیپیٹل کے حوالے کیسے کیا گیا ، اس کی مکمل تفصیلات جانیں گے۔ اس سے قبل ان کی صدارت میں اجلاس شروع ہواہی تھا کہ نیپرا اور وزارت پانی وبجلی کی درخواست پر کل تک موٴخر کر دیا گیا۔ کے ای ایس سی سے متعلق ہونیوالے تمام معاہدوں کی تفصیلات بتانے کیلئے وزارت پانی وبجلی ، کیبنٹ ڈویژن ، نج کاری کمیشن سمیت این ٹی ڈی سی اور وزارت پٹرولیم کے حکام کو منگل کو طلب کیاگیاہے۔