12 مارچ ، 2012
دمشق…شام کے لئے اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے مشترکہ نمائندہ کوفی عنان نے اپنے دورہ شام کو امید افزا قرار دیا ہے۔ دورہ مکمل کرنے کے بعد روانگی سے قبل دمشق ایئر پورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شام میں صورتحال اس قدر خراب ہے کہ اس کے حل کی کوششوں میں ناکامی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے بتایا کہ اپنے دورہ کے دوران شامی صدر بشار الاسد سے ملاقات میں انہوں نے جنگ بندی ‘ فریقین کے درمیان مذاکرات اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کے حوالہ سے ٹھوس تجاویز دی ہیں ۔ برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شامی صدر نے کوفی عنان کی ان تجاویز پر کسی خاص ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ان کے مخالف دہشت گرد عناصر سیاسی عمل میں تعطل کے ذمہ دار ہیں۔