12 مارچ ، 2012
کراچی… وزیر داخلہ سندھ منظور وسان کا کہنا ہے کہ اطلاعات ملی ہیں کہ گزشتہ سال جولائی اگست میں جو لوگ شہر میں لسانی فسادات کرانا چاہتے تھے وہ دوبارہ سرگرم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس کو ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔یہ بات انہوں نے سندھ اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔منظور وسان کا کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی کو آنے والے دھمکی آمیز ایس ایم ایس کا پتا چلا کر ان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، تاجروں کے خلاف بھتہ خوروں کی کارروائیوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں اغواء کی وارداتوں میں اضافہ ہو ا ہے وہیں ریکوری بھی بڑھی ہے۔انہوں نے کہا کہ مہاجر صوبے کی وال چاکنگ اور پمفلٹ کو ہوا دینے کی ضرورت نہیں ہے میڈیا اسے زیادہ نہ اچھالے۔