12 مارچ ، 2012
اسلام آباد… مسلم لیگ نون نے کہاہے کہ مہران بنک اسکینڈل میں الزامات کا رخ آئی ایس آئی سے ہٹاکر شریف برادران کی طرف کیا جارہا ہے جبکہ اسکینڈل کے کرداروں کو پیپلز پارٹی کی حکومتوں میں نوازا جاتا رہا ہے ۔ سینیٹر پرویزرشید نے اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ میں کہاکہ مہران اسکینڈل کے کرداروں کو پیپلز پارٹی دور میں مراعات دی گئیں، ایک کردار آصف جمشید کو پیپلز پارٹی کے دور میں ملازمت میں توسیع دی گئی ، اسے وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے مارچ 1997ء میں ختم کردیا،پرویزرشید نے کہاکہ سابق آئی ایس آئی چیف اسد درانی نے پیپلز پارٹی حکومت گرانے میں کردار ادا کیا تو انہیں پی پی حکومت نے ہی کیوں بیرون ملک پاکستان کا سفیر بنایا ، انہوں نے کہاکہ یونس حبیب اور آصف زرداری میں چاچے بھتیجے کا رشتہ رہا، پیپلز پارٹی کے صدرمملکت فاروق لغاری نے بنجر زمین کروڑوں میں مہران بینک کو دی۔