12 مارچ ، 2012
کراچی … کراچی پولیس چیف اختر حسین گورچانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے بیٹوں کے خلاف پولیس اہلکاروں پر تشدد کا مقدمہ واپس نہیں لیا، ملزمان نے ضمانتیں کرالیں توپولیس کیسے گرفتار کرے‘ وہ بینک ڈکیتی ناکام بنانے اور ڈاکووٴں کو ہلاک کرنے والے کانسٹیبل کو ترقی اور 50 ہزار روپے انعام دینے کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ کراچی پولیس چیف نے بتایا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ شہر میں لسانی اور مذہبی بنیاد پر ہلاکتوں میں نمایاں کمی آئی ہے تاہم انہوں نے یہ اعتراف بھی کیاکہ اسٹریٹ کرائم قابو میں نہیں آرہے بلکہ تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے بیٹوں کے خلاف پولیس اہلکاروں پر تشدد کا مقدمہ واپس لینے سے متعلق سوال پر اختر حسین گورچانی نے کہا کہ ”ملزمان نے ضمانتیں کرالیں تو پولیس انہیں کیسے گرفتار کرے“۔