13 مارچ ، 2012
اسلام آباد… سپریم کورٹ نے ریلوے کرپشن کیس میں نیب کو مطلوبہ گرفتاریاں تین دن میں کرنے کی ہدایت کردی ہے، عدالت نے سیکریٹری ریلوے بورڈ کے عہدے سے ہٹائے گئے شفیق الرحمن کی بحالی کا حکم بھی دے دیا ہے ۔ چیف جسٹس افتخارچودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے مقدمہ کی سماعت کی، عدالت کو بتایاگیاکہ سیکریٹری ریلوے بورڈ شفیق اللہ کا تبادلہ کردیاگیا ہے ، چیف جسٹس نے کہاکہ شفیق اللہ کا تبادلہ شاید اس لئے ہواکہ اسے عدالت اور نیب سے دور رکھا جاسکے ، ریلوے ڈائریکٹر نے عدالت کو بتایاکہ محکمہ کی 757 ایکڑ اراضی کو ناجائز قابضین سے واگزار کرالیاہے،چیف جسٹس نے کہاکہ کراچی میں ریلوے اراضی پر تو بڑے بڑے پلازے بنے ہیں، ریلوے حکام نے بتایاکہ وہاں بھی آپریشن جاری ہے، سابق وزیرریلوے شیخ رشید نے بتایاکہ ریلوے کی 37 ہزار ایکڑ زرعی اراضی پر قبضہ ہے، ریلوے ڈائریکٹر نے کہاکہ 14 ہزار ایکڑ کو کھلی بولی سے پٹے پر دیا گیا ہے ، ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب نے عدالت کو بتایاکہ ریلوے کا چیف کنٹرولر پرچیز گرفتار ہوکر جوڈیشل ریمانڈ پر ہے، اسکے خلاف ریفرنس جلد دائر ہوجائے گا، چیف جسٹس جن کو پکڑنا ہے ، انہیں 3 دن میں گرفتار کریں،چیئرمین نیب کو کہیں کہ آنکھ کھول کر دیکھیں کہ کون ملوث ہے، سپریم کورٹ نے سابق سیکریٹری ریلوے بورڈ شفیق الرحمن کا تبادلہ منسوخ کرنے کا حکم دیتے ہوئے مقدمہ کی سماعت 16 مارچ تک ملتوی کردی، عدالت نے اپنے احکامات پر ریلوے سے پیروی کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی