13 مارچ ، 2012
پشاور… پاکستان پیپلز پارٹی پشاور کے قائدین نے پارٹی بچاوٴ تحریک کا آغاز کردیا ہے اور صوبے بھر میں احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان کردیا ہے۔ ہشت نگری چوک میں پی پی پی کا احتجاجی کیمپ لگایا گیا۔ کیمپ میں پارٹی کے قائدین ذوالفقار افغانی، سعید احمد خان، سید ایوب شاہ اور دیگر موجود تھے۔ پارٹی قائدین نے تنظیم سازی اور سیاسی معاملات میں پشاور کو نظر انداز کرنے کی مذمت کی اور اسے پارٹی کو تباہ کرنے کی سازش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اے این پی کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ کو کسی طور قبول نہیں کریں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ جلد ہی ایبٹ آباد، ڈیرہ اسماعیل خان اور صوبے کے دیگر اضلاع میں احتجاجی کیمپ لگائیں گے۔