13 مارچ ، 2012
لندن…برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون ملک میں مذہبی آزادی کے تحفظ کیلئے قانون تبدیل کرنے پر غور کررہے ہیں۔ ڈیوڈ کیمرون قانون میں یہ تبدیلی عیسائی افرادکیلئے کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ کام کے دوران اپنی صلیب پہن سکیں۔ ان کے ترجمان نے بتایا کہ یہ تبدیلی اس وقت کی جائے گی جب یورپی جج صاحبان مذہبی آزادی کے تحفظ میں ناکام ہوجائیں گے۔ ان دنوں انسانی حقوق کی برطانوی عدالت میں ان دو خواتین نے مقدمہ دائر کیا ہوا ہے جنہیں کام کے دوران روایتی صلیب پہننے سے روک دیا گیا تھااور ملازمت سے معطل کردیا تھا۔ برطانیہ میں ججوں نے ان دونوں خواتین کو کام کے دوران صلیب پہننے سے روک دیا ہے۔ برطانیہ میں عیسائی افراد اس فیصلے کے خلاف قانونی کارروائی کر رہے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ برطانوی قانون ان کے انسانی اور مذہبی حقوق کے تحفظ میں ناکام ہوچکا ہے۔