14 مارچ ، 2012
کابل… افغانستان کے غیر اعلانیہ دورے پر آئے ہوئے امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا کے امریکی فوجیوں سے خطاب کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال دیکھنے میں آئی جب خطاب سننے والے امریکی فوجیوں سے رائفلیں لے لی گئیں۔ واضح رہے کہ عام روایت یہی دیکھی گئی ہے کہ جب بھی وزیر دفاع نے فوجیوں سے خطاب کیا، فوجی اپنی رائفلز اپنے ہاتھ ہی میں رکھتے ہیں۔تقریبا 3روز قبل قندہار کے علاقے پنجوائی میں امریکی فوجیوں کے ہاتھوں متعدد بے گناہ شہریوں کی ہلاکت کے بعد یہ کسی بھی اعلیٰ امریکی عہدیدار کا پہلا دورہ ہے۔ لیون پنیٹا کے خطاب کے دوران یہ غیر معمولی حفاظتی اقدامات کو بھانپنے پر ایک امریکی عہدیدار نے وضاحت دیتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ یہ کوئی غیر معمولی اقدامات نہیں ،خطاب سننے والے افغان باشندے بھی چونکہ غیر مسلح تھے اس لئے امریکیوں کو بھی غیر مسلح کیا گیا۔