پاکستان
26 جولائی ، 2013

نوازشریف اور شہباز شریف کو اپنا بھائی سمجھتا ہوں،الطاف حسین

 نوازشریف اور شہباز شریف کو اپنا بھائی سمجھتا ہوں،الطاف حسین

کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ پاکستان کے تمام اداروں کو اپنے اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے فرائض انجام دینے چاہئیں تاکہ آمریت کادروازہ ہمیشہ کیلئے بند کردیا جائے اورپاکستان میں جمہوری کلچرفروغ پاسکے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کی شب اپنی رہائش گاہ نائن زیروعزیزآباد میں مسلم لیگ (ن) کے نمائندہ وفد کے ارکان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد میں مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء اسحاق ڈار، صدارتی امیدوار ممنون حسین، سینیٹر پرویز رشید، ظفرجھگڑا، سلیم ضیاء اور نہال ہاشمی شامل تھے ۔ اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد ، ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، انجینئرناصرجمال ، رابطہ کمیٹی کے ارکان اور منتخب نمائندے بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی کے اراکین نے مسلم لیگ (ن ) کے رہنماوٴں کا استقبال کیا ، انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور گلدستے پیش کئے ۔ الطاف حسین نے وفد کے ارکان کو اپنی رہائش گاہ پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی بقاء وسلامتی ، ترقی وخوشحالی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے جو کچھ بھی ایم کیوایم اور مجھ سے ہوسکا ہم ضرورکریں گے ، ماضی کی تلخ باتوں کو دل سے بھلاکر کہتا ہوں کہ آپ میری جانب سے میاں نوازشریف اور میاں شہباز شریف کو پیغام دیدیں کہ میں انہیں اپنا بھائی سمجھتا ہوں۔ ہمارے درمیان غلط فہمیاں ہوگئیں تھیں، الطاف حسین بھی انسان ہے کوئی فرشتہ نہیں ۔آئیے! ہم اپنے دلوں کو صاف کرکے ایک نئے سفر کا آغاز کریں اورآپس میں ملکرپاکستان کو معاشی ، اقتصادی بحرانوں سے نجات دلائیں اور بجلی ، گیس، پانی سمیت دیگر عوامی مسائل حل کریں، انہوں نے مسلم لیگی رہنماوٴں کو یقین دلایا کہ پاکستان کو ایٹمی صلاحیت سے محروم کرنے اور نہتا کرنے کی سازش کے خلاف الطاف حسین اور ایم کیوایم آپ کے ساتھ ہے،ہمیں متحد ہوکر پاکستان کی معاشی اور امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے ، اسکولوں اوراسپتالوں کا نظام بہتر کرنا ہے اورمل جل کر پاکستان کو لاحق کینسر سے بھی بڑی بیماری ”کرپشن“ کا خاتمہ کرنا ہے ۔اسحاق ڈار نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے ممنون حسین کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک کودرپیش جن چیلنجز کا آپ نے تذکرہ کیا ان سے ہم بھی واقف توضرور تھے تاہم اقتدار میں آکر ان بحرانوں کی اصل سنگینی سامنے آئی ہے ۔آپ نے کرپشن کے خاتمہ کی بات کرکے ہمارے دلی جذبات اور میاں نواز شریف کی اعلانیہ پالیسیوں کی مکمل ترجمانی کی ہے۔اس موقع پر ممنون حسین نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی جانب سے حمایت کئے جانے پر شکریہ ادا کیا ۔

مزید خبریں :