30 جولائی ، 2013
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے اپنے ہنگامی اجلاس میں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنمااوروفاقی وزیراطلاعات سینیٹرپرویزرشیدکے بیان کاخیرمقدم کرتے ہوئے اسے اطمینان بخش قراردیاہے ۔ اجلاس میں متفقہ طورپراس تجویزپراتفاق کیاگیا کہ مستقبل میں پاکستان مسلم لیگ ن اور ایم کیوایم کے درمیان کسی بھی غلط فہمی کے ازالے کیلئے دونوں جانب سے تین تین افرادپر مشتمل کمیٹی بنادی جائے تاکہ غلط فہمیاں بات چیت اورافہام وتفہیم کے ذریعے طے کرلی جائیں اورکسی بھی قسم کی غلط فہمی کسی بڑی بدگمانی کاسبب نہ بن پائے۔ رابطہ کمیٹی نے ایم کیو ایم کے تمام سینیٹرزاورارکان قومی وصوبائی اسمبلی کوہدایت کی کہ وہ کل ہونے والے صدارتی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ممنون حسین کے حق میں اپنا ووٹ کاسٹ کریں۔