کاروبار
15 مارچ ، 2012

وزارت پیڑولیم کی نئے سی این جی اسٹیشن لگانے پر پابندی کی تجویز

وزارت پیڑولیم کی نئے سی این جی اسٹیشن لگانے پر پابندی کی تجویز

اسلام آباد … وزارت پیٹرولیم نے نئے سی این جی اسٹیشن لگانے پر پابندی عائد کرنے کی تجویز دے دی جس کی سمری منظوری کیلئے وزیر اعظم کو بھیج دی گئی ہے، جبکہ قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی برائے پیٹرولیم نے پابندی کے دوران 452 سی این جی اسٹیشنز کو لائسنسز کے اجراء کی تحقیقات کی سفارش کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت پیٹرولیم نے سمری میں تجویز کیا ہے کہ سی این جی ا سٹیشن کا مارکیٹنگ لائسنس صرف انہیں مل سکے گا جو 29فروری تک اوگرا میں انسپیکشن کی درخواست جمع کراچکے ہیں۔ وزارت پیٹرولیم کی طرف سے سی این جی اسٹیشن کیلئے نئے عبوری لائسنس کے اجراء پر پابندی کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پابندی کے اطلاق کے بعد 540 سی این جی اسٹیشنز آپریشنل نہیں ہوسکیں گے۔ دوسری جانب قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی برائے پیٹرولیم نے پابندی کے دورا ن 452 سی این جی اسٹیشنز کو لائسنسز کے اجراء کی تحقیقات کی سفارش کردی ہے۔ قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی برائے پیٹرولیم کا ان کیمرا اجلاس سردار طالب حسین نکئی کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی نے 2008 ء میں پابندی کے باوجود سی این جی اسٹیشنز کو لائسنس دینے کی انکوائری اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔

مزید خبریں :