پاکستان
19 اگست ، 2013

مزارات مقدسہ کی بحالی کیلئے لندن میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا احتجاج

لندن …سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان پر عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کے سلسلے میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ یورپ کے زیر اہتمام اجداد رسول ،اہلبیت اطہار ،پاکیزہ صحابہ کباراور امہات المومنین  کے مزارات مقدسہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے کرزن اسٹریٹ لندن میں ماتمی احتجاج کیا گیا ۔جس کی قیادت ٹی این ایف جے یورپ کے آرگنائزر ناصر عباس جعفری ،مختار آرگنائزیشن کے چےئرمین ڈاکٹر ایس زیڈ نقوی ،آیت اللہ حسن رضا غدیری ،علامہ ہاشم رضا غدیری ،علامہ مرتضی تصدق ،مجتبی کاظمی ،قمر کاظمی ،شیخ اعجاز حسین ،عرفان بھائی ،سید رخسار شاہ ،ساجد کاظمی کے علاوہ علماء کرام اور یورپ بھر سے آئے ہوئے ماتمی سالاروں نے کی ۔اس موقع پر منظور کردہ قراردادمیں اقوام متحدہ ،اوآئی سی سمیت عالمی اداروں پر زور دیا گیاکہ بزرگان دین اسلام کے مزارات کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ایک قرارداد میں مسلم حکمرانوں پر زور دیا گیا کہ اگر وہ عالم اسلام کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلوانا چاہتے ہیں تو انہیں جنت المعلی وجنت البقیع کے مزارات مقدسہ کی عظمت رفتہ بحال کروانا ہوگی ۔ایک قرارداد میں شام میں رسول خدا کی نواسی حضرت زینب  اور پاکیزہ صحابہ کبار  کے مزارات پر حملوں پر اظہار تشویش کیا گیا ،جبکہ میں پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے موسوی امن فارمولہ پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا گیا۔آخر میں عالم اسلام میں انتشار کے خاتمہ مقامات مقدسہ کی حفاظت ،دہشت گردی کے خاتمہ اور پاکستان کی سلامتی ترقی استحکام کیلئے دعائیں کی گئیں ۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ یورپ کے آرگنائزر ناصر عباس جعفری نے شرکاء سے اظہار تشکر کیا۔

مزید خبریں :