پاکستان
21 اگست ، 2013

دفاع وطن کیلئے سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر فیصلے کیے جائیں ، الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ پاکستان ان
درونی وبیرونی خطرات سے دوچار ہے اوروقت کا تقاضا ہے کہ ملک بھر کی سیاسی ومذہبی جماعتیں ،وطن عزیز کا دفاع اور سلامتی یقینی بنانے کیلئے سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر دانشمندانہ فیصلے کریں اور قومی یکجہتی کا بھرپورمظاہرہ کرکے ملک دشمن قوتوں پر واضح کردیں کہ پاکستانی قوم متحداور منظم ہے ۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روز ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروعزیزآباد میں رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کی سیاست کا مقصد اقتدار کا حصول نہیں بلکہ خلق خدا کی خدمت ہے اور ایم کیوایم کے نزدیک خلق خدا کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے ۔ایم کیوایم جمہوریت پسند جماعت ہے اور تمام جماعتوں کے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتی ہے ، ایم کیوایم چاہتی ہے کہ ملک میں جمہوریت پروان چڑھے ، سینیٹ اور قومی اسمبلی سمیت تمام ایوانوں میں پاکستان کی ترقی وخوشحالی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے قانون سازی ہو، ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی قائم ہو اور عوام کو بلاتفریق انصاف ملے ۔انہوں نے ایم کیوایم کے تمام رہنماوٴں ،نمائندوں ، ذمہ داروں اورکارکنوں کو تلقین کی کہ وہ خلق خدا کی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے اپنا بھرپورکردار ادا کریں ۔دریں اثناء الطاف حسین نے چمن ریلوے اسٹیشن پردھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اوردھماکے کو کھلی دہشت گردی قراردیتے ہوئے اس کے نتیجے میں خواتین اوربچوں سمیت متعددمسافروں کے جاں بحق اورزخمی ہونے پردلی افسوس کااظہارکیاہے۔انھوں نے دھماکے میں جاں بحق ہونیوالے افرادکے لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کوجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کوجلدومکمل صحت یابی عطافرمائے۔ الطاف حسین صدرمملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم میاں محمدنوازشریف،وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی اور بلوچستان حکومت سے مطالبہ کیاکہ چمن دھماکے کاسنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اوردھماکے میں ملوث دہشت گردوں کوگرفتارکرکے عبرتناک سزادی جائے۔

مزید خبریں :