23 اگست ، 2013
بورے والا…ندیم مشتاق…دریائے ستلج میں تحصیل بورے والا کے علاقوں سے اس وقت 80 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلاگزر رہا ہے اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے ضلع وہاڑی کی انتظامیہ کو سیلاب متاثرین کے لئے خوراک کے 500 تھیلے اور 100 خیمے فراہم کر دئیے ہیں۔ضلع وہاڑی میں سیلاب کے پانی سے 66 دیہات زیر آب آ چکے ہیں جس سے سینکڑوں کی تعداد میں مکانات اور کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں اور بڑی تعداد میں لوگوں کا انخلاء مکمل ہو چکا ہے۔ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر وہاڑی جواد اکرم اور اسسٹنٹ بورے والا سیف اللہ ساجد کے ہمراہ تحصیل بورے والا کے علاقوں میں نشیبی علاقوں میں موجود ہیں اورمقامی انتظامیہ ریلیف کیمپوں کے ذریعے سیلاب متاثرین کو خوراک اور صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اپنے تمام وسائل کا استعمال کیا جا رہا ہے۔اس وقت رواں سیزن کا سب سے بڑا سیلابی ریلہ علاقہ سے گزر رہا ہے اور اس وقت ہیڈاسلام پر پانی کا اخراج 51630 کیو سک ہے جبکہ میلسی سائفن پر پانی کا اخراج 52177 کیوسک ، ہیڈسلیمانکی پر 79430 کیوسک اور ہیڈ گنڈا سنگھ والا پر ایک لاکھ کیوسک ہے۔ ڈی سی او وہاڑی جواد اکرم نے دریا ئی علاقہ میں نہانے اور کے علاقے میں مچھلی کے شکار پر پابندی لگا کر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لئے خوراک کے 500 تھیلے اور 100 خیمے فراہم کر دئیے گئے ہیں۔