23 اگست ، 2013
شکاگو… ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی، جوائنٹ آرگنائزرز محمد ارشد حسین اور ندیم صدیقی سمیت اراکین سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی نے کراچی اور میرپور خاص میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں ایم کیو ایم کی تاریخی کامیابی پر قائد تحریک الطاف حسین، ایم کیو ایم کے کارکنان و ہمدردوں سمیت حق پرست عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے ایک مشترکہ بیان میں ایم کیو ایم امریکہ کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی نے کہا کہ پاک فوج کی موجودگی میں ہونے والے انتہائی صاف اور شفاف انتخابات اور اس میں ایم کیو ایم کی واضح اکثریت سے کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ تمام تر منفی پروپیگنڈا، میڈیا ٹرائل اور سازشوں کے باوجودحق پرست عوام کا آج بھی نہ صرف ایم کیو ایم اور الطاف حسین پر غیر متزلزل اعتماد قائم ہے بلکہ ایم کیو ایم کی مقبولیت میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، کراچی میں گزشتہ تمام انتخابات میں دھاندلی کا رونا رونے والی سیاسی جماعتیں آج فوج کی زیر نگرانی ہونے والے انتخابات میں ایم کیو ایم کی کامیابی کو نہ صرف کھلے دل سے تسلیم کریں بلکہ کراچی کے مینڈیٹ کو دھونس، دھمکی اور جعلی قرار دینے والے اپنے گزشتہ بیانات پر عوام کے سامنے آکر معافی بھی مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی ضمنی انتخابات میں کامیابی نے مخالفین کے منہ بند کر دئیے ہیں، عوام نے ایک بار پھر حق پرست نمائندوں کو انتخابات میں تاریخی کامیابی دلا کر ایم کیو ایم کی ملک کو مستحکم، خوشحال، بااختیار اور دہشتگردی سے پاک بنانے کے ایجنڈے کی توثیق کردی ہے۔ایم کیو ایم امریکہ کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی نے مزید کہا کہ یہ کامیابی قائد تحریک الطاف حسین کے وژن اور مشن کی سچائی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور وہ دن دور نہیں کہ جب الطاف حسین کی رہنمائی میں پاکستان امن، ترقی اور خوشحالی کی منزلیں تیزی سے طے کریگا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا ایک ایک کارکن آج اس پر مسرت موقع پر تحریک کے ان ہزاروں شہیدوں کو سلام پیش کرتا ہے جنہوں نے حق پرستی کی اس جدوجہد میں اپنی جانیں قربان کر دیں لیکن تحریک کے نظرئیے اور اپنے ضمیر کا سودا کرنا قبول نہیں کیا۔