17 مارچ ، 2012
کراچی… یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی کی قیمت 48 روپے فی کلو مقرر کردی گئی۔ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذرائع کے مطابق مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز پر قیمتوں کے فرق کو برقرار رکھنے کے لیے اس کی فی کلو قیمت میں 6 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے اور اب یہ ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز پر 48 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہوگی جبکہ ریٹیل پر ملک بھر میں چینی 55 سے 56 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کی جارہی ہے۔ انڈسٹری ذرائع کے مطابق رواں سال ملک میں 48 لاکھ ٹن سے زائد چینی کی پیداوار متوقع ہے جو طلب سے تقریبا 6 لاکھ ٹن زائد ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ مارچ کے پہلے ہفتے تک رواں سیزن میں 28 لاکھ ٹن سے زائد چینی تیار کی جاچکی ہے ۔