18 مارچ ، 2012
لکھنو .....بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے خود کو فلموں تک ہی محدود نہیں رکھا بلکہ ان کا خاندان سیاست کے میدان میں بھی چکر لگاتا رہتا ہے،اس سلسلے میں اب جیا بچن نے بھارتی پارلیمنٹ کے اپر ہاوٴس راجیہ سبھا کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ جیا بچن نے یہ کاغذات نامزدگی لکھنو میں جمع کرائے ہیں جہاں سے وہ سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر راجیہ سبھا کی مخصوص نشست پر رکن پارلیمنٹ کا انتخاب لڑیں گی۔ بچن خاندان کا شمار بھارت کے ارب پتی خاندانوں میں ہوتا ہے۔امیتابھ اور ان کی اہلیہ کے اثاثوں کی مجموعی ملکیت 1000 کروڑ سے زائد ہے۔ بالی وڈ پر 40 برسوں سے راج کرنے والے امیتابھ بچن کے اثاثوں کی مالیت723کروڑروپیہ ہے۔ وہ نو گاڑیوں کے مالک ہیں۔ جن میں 2کروڑ43لاکھ روپے کی مرسڈیز350 ، ایک کروڑ 54لاکھ روپے کی مرسڈیز350ایل اور 6کروڑ84لاکھ روپے کی رولزرائس شامل ہے۔ بگ بی کے پاس16لاکھ روپے کاایک پین اور 3 کروڑ مالیت کی گھڑیاں بھی ہیں۔ امیتابھ بچن کی اہلیہ جیابچن بھی کسی سے کم نہیں۔ جیا کے اثاثوں کی مالیت 164کروڑروپے ہے،موصوفہ 24کروڑروپے کے زیورات اور 54 لاکھ کی لیکسز سمیت 2 گاڑیوں کی مالک ہیں۔ جیابچن نے مختلف مالیاتی اداروں میں 7کروڑ81لاکھ روپے کی سرمایہ کاری بھی کررکھی ہے جبکہ امیتابھ بچن کے بینک اکاوٴنٹ میں1ارب73کروڑ34لاکھ روپے جمع ہیں۔