05 ستمبر ، 2013
اسلام آباد … وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ غیر تصدیق شدہ موبائل سمز قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں، غیر رجسٹرڈ سمز کے معاملے پر موبائل کمپنیز سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ غیر تصدیق شدہ سمز کا معاملہ قومی سلامتی سے جڑا ہے، ایسی سمز کا معاملہ ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے، غیر تصدیق شدہ سمز کی روک تھام سے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیاں روکنے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ انہیں نئی موبائل سمز کے اجرا کے طریقہ کار پر تحفظات ہیں۔ چیئرمین نادرا طارق ملک نے اجلاس کو بتایا کہ نادرا بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے سمز کی تصدیق کر سکتاہے۔ وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان نے کہا کہ نادرا اور موبائل کمپنیز غیر تصدیق شدہ سمز کی تصدیق کا متفقہ طریقہ کار طے کریں۔