پاکستان
18 مارچ ، 2012

میمو کمیشن: منصور کا بیان غلط ہے تو یاسین ملک ہتک کا دعویٰ کریں، اکرم شیخ

میمو کمیشن: منصور کا بیان غلط ہے تو یاسین ملک ہتک کا دعویٰ کریں، اکرم شیخ

اسلام آباد / لندن … میمو کمیشن نے کہا ہے کہ یاسین ملک خود یا وکیل کے ذریعے درخواست دیں تو غور کریں گے جبکہ اکرم شیخ نے یاسین ملک کو فریق بننے کی اجازت دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اگر منصور اعجاز کا بیان غلط ہے تو یاسین ملک ہتکِ عزت کا دعویٰ کریں۔ میمو کمیشن میں یاسین ملک کی فریق بننے کی درخواست کی سماعت کی گئی۔ اکرم شیخ کی جانب سے یاسین ملک کو فریق بننے کی اجازت دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ صرف اس شخص کو فریق بننے کی اجازت دی جائے جو میموسے متعلق معلومات شیئر کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر منصور اعجاز کا بیان غلط ہے تو یاسین ملک ہتک ِعزت کا دعویٰ کریں۔ میمو کمیشن کے سربراہ جسٹس فائز عیسیٰ نے سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ یاسین ملک خود یا وکیل کے ذریعے درخواست دیں تو غور کریں گے، ہمارے سامنے اس وقت وہ خط ہے جو چیف جسٹس کو لکھاگیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں پتاکہ یاسین ملک نے اہلیہ کو کوئی ہدایات دی ہیں یا نہیں، یاسین ملک کی اہلیہ سے ان کا کہنا تھا کہ آپ رضا مندہوں تویاسین ملک سے متعلق الزامات پر مواد حذف کردیتے ہیں۔ جس پر مشعل ملک نے کہا کہ میرے شوہر کمیشن کے سامنے پیش ہوکر وضاحت کرناچاہتے ہیں۔ جسٹس فائز نے مزید کہا کہ اگر آپ خودکشی کے مشن پر ہیں توہم کچھ نہیں کرسکتے۔ مشعل یاسین ملک نے کہا کہ یاسین ملک پر الزامات کی وجہ سے ہم پر عوامی دباوٴ ہے، میرے شوہر کمیشن میں بیان دینا چاہتے ہیں۔ ایک موقع پر کمیشن کے سامنے بیان دیتے ہوئے منصور اعجاز نے کہا کہ جب لوگ اتنے بڑے سچ کو چھپانے کی کوشش کرنے لگے تو دکھ ہوا، مجھے کہنے میں حرج نہیں کہ حسین حقانی صدر زرداری کا متبادل بننا چاہتے تھے۔ منصور نے کہا کہ جنرل پاشا سے ملاقات کے بعد آئی ایس آئی سے متعلق رائے بھی تبدیل ہوئی، ملاقات سے پہلے جنرل پاشا کو نہیں جانتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل پاشا قابل احترام ہیں، وہ سچ کو تلاش کرنا چاہتے ہیں، جنرل پاشا نے بتایا کہ آرمی چیف اور آئی ایس آئی چاہتی ہے حکومت مدت پوری کرے۔

مزید خبریں :