18 مارچ ، 2012
کراچی … الیکشن کمیشن سندھ نے ایک کروڑ 82 لاکھ ووٹرز تصدیق 20 مارچ تک مکمل کرنی ہے جبکہ سندھ اسمبلی کے اراکین اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے توسیع کے مطالبے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ سندھ میں نادرا کی جانب سے جاری کی جانے والی ڈرافٹ ووٹر فہرستوں میں خامیوں اور غلطیوں کی نشاندہی کے بعد تمام فہرستوں کی صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے تصدیق کا عمل جاری ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 20 مارچ تک جانچ پڑتال اور تصدیق کا کام مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ الیکشن کمشنر سندھ سونو خان بلوچ نے بتایا کہ نادرا کی جانب سے دئیے گئے ایک کروڑ 82 لاکھ الیکٹرولز کی تصدیق کا کام جاری ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے الیکٹرول فہرستوں کی تکمیل میں توسیع کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ سونو خان بلوچ کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی کے اراکین، سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے الیکٹرول لسٹوں کی تکمیل کیلئے ایک ماہ کی توسیع کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سندھ کی کوشش ہے کہ الیکٹرول کی تصدیق اور بھرے گئے فارم فور 20 مارچ تک نادرا کو بھیج دے۔