18 مارچ ، 2012
کراچی … متحدہ قومی مومنٹ رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ وڈیروں اور جاگیرداروں کے فرسودہ نظام کے خاتمے اور تبدیلی کیلئے ہر فرد اپنا کردار ادا کرے، انہوں نے کہا کہ ملک میں جاگیرداروں اور وڈیروں سے نجات کے بعد ایوان اقتدار نوجوان چلائیں گے۔ یہ بات انہوں نے ایکسپو سینٹر کراچی میں نجی ادارے کی جانب سے منعقدہ ینگ لیڈر فیسٹیول کا افتتاح کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اسلام آباد کو اب قبضہ مافیا سے آزاد کرانا ہوگا اور متوسط وپڑھے لکھے طبقے کو آگے لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوان ہیں اور خوشی کی بات یہ ہے کہ نوجوان تبدیلی کیلئے میدان میں آچکے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ملک میں زرعی، معاشی اور تعلیمی اصلاحات ناگزیر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب عوام فرسودہ اورجاگیردارانہ نظام کے خاتمے میں ہی اپنی بقاء محسوس کررہے ہیں اور یہی سوچ پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالے گی۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید اور ڈائریکٹر پبلک افیئرز امریکی قونصل خانہ کیون موراکانی نے بھی خطاب کیا۔ ینگ لیڈرز فیسٹیول میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شرکت تھی۔ نوجوانوں نے فیسٹیول میں لگائے گئے مختلف اسٹالز کا دورہ کیااور اس طرح کے فیسٹیول کو نوجوانوں کیلئے مثبت سرگرمی قرار دیا۔ فیسٹیول میں شریک نوجوانوں کا کہناتھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہر میدان میں نوجوان آگے بڑھ کر اپنا کردارا دا کریں۔