18 ستمبر ، 2013
ڈیرہ اسماعیل خان…جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں طالبان سے مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں۔ اپر دیر جیسے واقعات کو طالبان سے مذاکرات میں رکاوٹ نہیں بننا چاہئیں، وہ قومی اسمبلی کے حلقہ ڈیرہ اسماعیل خان کم ٹانک میں ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور طالبان دونوں کو ایسے عناصر پر نظر رکھنا چاہیے جو مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہ رہے ہیں، اپر دیرواقعے کے ساتھ ساتھ گومل زام کے مغویوں کی رہائی جیسے خیر سگالی کے اقدامات کو بھی مد نظر رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں اور عسکری قیادت نے مل کر مذاکرات کا مینڈیٹ حکومت کو دیا تھا اب اسے پایہٴ تکمیل تک پہنچانا چاہیے۔