پاکستان
19 مارچ ، 2012

دفاع پاکستان کونسل کی افغانستان کو نیٹو سپلائی کی بحالی پر مزاحمت کی دھمکی

دفاع پاکستان کونسل کی افغانستان کو نیٹو سپلائی کی بحالی پر مزاحمت کی دھمکی

پشاور … دفاع پاکستان کونسل نے افغانستان کو نیٹو سپلائی کی بحالی پر مزاحمت کی دھمکی دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں نیٹوسپلائی کی حمایت کرنے والے اراکین کا ان کے حلقوں میں گھیراوٴ ہوگا۔ پشاور میں دفاع پاکستان کونسل کے اجلاس کے بعد کونسل کے چیئرمین مولاناسمیع الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کونسل کے وفود اراکین پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کریں گے اور انہیں نیٹو سپلائی کی مخالفت کا پیغام پہنچائیں گے۔ ان کا کہناتھا کہ نیٹوسپلائی کے ذریعے بڑی تعدادمیں اسلحہ افغانستان لے جا یاجائے گا، یہی اسلحہ بلوچستان میں استعمال کیاجائے گا۔ مولانا سمیع الحق نے ڈرون حملے بند کرنے اور اسامہ کے اہل خانہ کی ان کے ملکوں کو واپسی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے 15 اپریل کو پشاور اور 26 اپریل کو کوئٹہ میں دفاع پاکستان کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا۔ اجلاس میں جماعت الدعوة کے حافظ محمد سعید، اہلسنت والجماعت کے مولانا محمد احمد لدھیانوی، جنرل (ر)حمید گل، فضل الرحمان خلیل، جماعت اسلامی کے پروفیسر ابراہیم، مولانا محمد طیب، بریگیڈیئر(ر)محمود شاہ، مسلم لیگ ق کے انتخاب چمکنی سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

مزید خبریں :