پاکستان
19 مارچ ، 2012

کراچی، حیدر آباد، دادو، لاڑکانہ ، ماشکیل و دیگر علاقوں میں گردکا طوفان

کراچی، حیدر آباد، دادو، لاڑکانہ ، ماشکیل و دیگر علاقوں میں گردکا طوفان

کراچی … کراچی سمیت سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقے شدید گرد کے طوفان کی لپیٹ میں ہیں، جو آئندہ 12 گھنٹے تک جاری رہے گا، کراچی میں حد نگاہ صرف 100 میٹر ہونے کے بعد کراچی کی فضائی حدود پروازیں کے لئے بند کردی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، حیدر آباد، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد، شکارپور، لوئر دیر، ٹانک اورحب، خاران، ماشکیل سمیت مختلف علاقوں میں شدید گردآلود ہوائیں چلنا شروع ہوگئی ہیں، طوفان آئندہ 12 گھنٹے تک رہنے کا امکان ہے، گرد آلود ہوائیں جنوب مغربی علاقوں سے چل رہی ہیں۔ لاڑکانہ شہر اور گرد و نواح بھی مٹی کے طوفان کے زیر اثر ہیں جس کے باعث کراچی کیلئے پرواز پی کے 541 منسوخ کردی گئی ہے۔ سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق گرد و غبار کے طوفان کے باعث کراچی کی فضائی حدود پروازوں کیلئے بند کردی گئی ہے کیونکہ یہاں حد نظر صرف 100میٹر رہ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حد نظر کم ہونے کی وجہ سے طیارے لینڈ یا ٹیک آف نہیں کرسکتے، کراچی ایئرپورٹ پر سوا 8 بجے آخری طیارہ لینڈ ہواتھا، جس کے بعد سے کوئی طیارہ کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ یا ٹیک آف نہیں کرسکا۔ ذرائع کے مطابق کراچی آنیوالی پروازوں کا رخ دیگر مقامات کی جانب موڑ دیا جائے گا اور جدہ کیلئے پرواز پی کے731کی روانگی روک دی گئی ہے۔ شدید گردآلود موسم کے باعث شہر کی بیشتر مصروف سڑکوں پر ٹریفک کی رفتار میں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور موٹر سائیکل سواروں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی اور اس کے مضافات میں مغربی علاقوں سے ہوائیں 10 سے 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جو بعد میں تیز ہو کر 22 سے 24 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مغربی علاقوں سے چلنے لگیں گی، جس کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ ہوجائے گا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 21.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا اور زیادہ سے زیادہ 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے علاقوں حب ، خاران اور ایران کے سرحدی علاقے ماشکیل میں بھی شدید آندھی اور گرد کا طوفان جاری ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں لوئر دیر اور گرد و نواح میں گرد آلود ہواوٴں کے ساتھ بارش اور جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں گرد کا طوفان بھی آیا ہوا ہے۔

مزید خبریں :