21 ستمبر ، 2013
کوئٹہ … سی سی پی او کوئٹہ میر زبیر محمود کا کہنا ہے کہ اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں نمایاں کمی آئی ہے، بعض کیسز ضرور رونما ہوئے ہیں لیکن ان سے متعلق بھی جلد کامیابی حاصل کر لیں گے، 47 مغویوں کو بازیاب کرالیا گیا۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اغوا برائے تاوان کے 58 کیسز رجسٹرڈ ہوئے تھے ان میں سے 47 کیسز ٹریس کر لئے گئے، رواں سال اغوا ء برائے تاوان کے اکیس واقعات رونما ہوئے جن میں سے 18 کو ٹریس کر لیا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پولیس کیلئے مغوی کی زندگی اہم ہوتی ہے لہٰذا ہم مغوی کی بازیابی کے بعد ملزمان کی سرکوبی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایئرپورٹ روڑ سے اغواء ہونے والے حاجی مرزا خان کو بازیاب کر کے واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جنہوں نے ابتدائی طور پر 3 کیسز میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر مناف ترین کے حوالے سے تفتیش صحیح سمت میں چل رہی ہے جلد ان کی بازیابی عمل میں آجائے گی۔