24 ستمبر ، 2013
اسلام آباد…نیپرا نے اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتیں 32 پیسے فی یونٹ کم کردی ہیں،اس سلسلے میں نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کا اطلاق کراچی اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی پر نہیں ہوگا۔کے ای ایس سی نے نیپرا سے اس مد میں بجلی 4 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کردی ۔نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صارفین کو اکتوبر کے بجلی بلوں میں 32 پیسے فی یونٹ کمی کا ریلیف فراہم کریں۔فیول ایڈجسٹمنٹ کے خلاف پشاور ہائی کورٹ کے حکم امتناعی کے باعث پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے صارفین پر اس کمی کا طلاق نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ نجی کمپنی ہونے کے باعث کے ای ایس سی کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ کا حساب یکم اکتوبر کو کیا جائے گا۔ کے ای ایس سی نے اس مد میں نیپرا سے 4 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے۔