29 ستمبر ، 2013
نئی دہلی…بھارت کے وزیرخارجہ سلمان خورشید نے امید ظاہر کی ہے کہ بعض قوتوں کے منفی عزائم کے باوجود نیو یارک میں پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات مفید ثابت ہوگی۔نیویارک میں ایک انٹرویو کے دوران بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ رکاوٹوں کے باوجود بھارت پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے حق میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں کشیدگی پھیلانے والے جنگجووٴں کی حکمت عملی کے مقابلے میں پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات وسیع تر مفاد اور خاص اہمیت کی حامل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ملاقات سے ماحول سازگار ہوگا جو مثبت ہوگا اور آگے بڑھنے کی راہ ہموار کرے گا۔ لیکن یقیناً یہاں ایسی قوتیں ہیں جو پاکستان اور بھارت کو آگے بڑھنے سے روکنے کے لئے مداخلت کرنا چاہتی ہیں۔ ہمیں بہت احتیاط کے ساتھ دیکھنا ہے کہ اْن کی حکمت عملی کیا ہے اور ہمارے مقاصد کیا ہیں۔