03 اکتوبر ، 2013
کراچی…سندھ حکومت نے کراچی کے بعد حیدر آباد سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں بھی کل سے ٹارگٹڈ آپریشن کرنے کا اعلان کیا ہے اور تین ماہ کیلئے صوبے بھر میں وائبر،اسکائپ ،ٹینگوسمیت دیگرسوشل نیٹ ورکس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کے دوران بتایاکہ وارداتوں میں استعمال ہونیوالی غیر قا نونی سموں کی بندش کے لیے سندھ حکومت وفاق سے رابطہ کرے گی ،جبکہ جرا ئم پرقابوپانے کیلئے وائبر ،اسکائپ ،ٹینگوسمیت دیگرسوشل نیٹ ورکس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ میں غیر قا نونی اسلحہ کی روک تھام کے لئے 12 اکتوبر کے بعد آپریشن ہو گا جبکہ اسلحے کی نمائش پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے،کسی کو قربانی کے جانور وں کی کھالیں جمع کرنے کیلئے پیشگی رسیدیں بانٹنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔انہوں نے بتایا کہ جمعہ سے سندھ بھرمیں ٹارگٹڈ آپریشن شروع کردیا جائے گا۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کسی مخصوص جماعت یا گروہ کے خلاف نہیں بلکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہو رہا ہے۔ انہوں نے دعوی ٰ کیاکہ کراچی سمیت سندھ بھرمیں امن قائم کر کے ہی دم لیں گے۔