05 اکتوبر ، 2013
ڈیلس/ ٹیکساس (راجہ زاہد اختر خانزادہ) پاکستان کے معروف لوک فنکار اور صدارتی پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ یافتہ گلوکار شوکت علی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس وقت امن‘ بھائی چارہ اور محبت کی اشد ضرورت ہے جس کیلئے لوک فنکار صوفیانہ کلام کے ذریعے یہ پیغام مزید عام کر سکتے ہیں یہ بات انہوں نے یہاں امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں معروف شاعر اور فلم پروڈیوسر ڈاکٹر امان اللہ خان کی جانب سے اپنے اعزاز میں دی گئی تقریب اور محفل موسیقی کے بعد روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ بزرگان دین اور صوفیائے کرام نے اپنے قول و فعل اور شاعری کے ذریعے عوام الناس کو محبت کا پیغام دیا اور یہی وجہ تھی کہ اُس زمانے میں برصغیر پاک و ہند میں اسلام بڑی تیزی سے پھیلا تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ عوام نے یہ راستہ ترک کرتے ہوئے بے ہنگم موسیقی اور بے مقصد شاعری کو اپنی تفریح کا مقصد بنا لیا یہی وجہ ہے کہ آج پاکستانی معاشرہ انتشار اور بدامنی کا شکار ہے۔ انہوں نے دورہ امریکہ کے حوالے سے کہاکہ وہ امریکہ میں بھی امن کا پیغام لے کر آئے ہیں اور جس گرمجوشی اور پُرتپاک طریقے سے ان کی ہر جگہ پذیرائی کی جا رہی ہے اس پر وہ یہاں رہنے والے افراد کے شکر گزار ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے یہاں پر مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے دوران اپنے فن کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ مذکورہ پروگرام میں پاکستانی اور بھارتی باشندوں کے علاوہ مقامی امریکیوں نے بھی شرکت کی جبکہ حاضرین نے بھی گلوکار شوکت علی کی جانب سے پیش کردہ لوک موسیقی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ان کو زبردست داد تحسین پیش کی۔ یہ محفل رائے گئے تک جاری رہی۔ تقریب میں ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے صدر ڈاکٹر قیصر عباس‘ ڈائریکٹران اٹارنی توصیف کمال‘ اٹارنی ماہ روز نواز‘ راجہ زاہد اختر خانزادہ‘ پاکستان امریکن ایسوسی ایشن کے رہنماؤں اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر تقریب کے میزبان معروف ماہر امراض سرطان‘ شاعر اور فلم پروڈیوسر ڈاکٹر امان اللہ خان نے گلوکار شوکت علی اور آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔