05 اکتوبر ، 2013
اسلام آباد…ریٹیل کی بعض اشیا پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی شرح 2 فی صد کر دی گئی ہے جو 17 فی صد جنرل سیلز ٹیکس کے علاوہ ہے ،صارفین کو 5 اکتوبر سے ویٹ ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے نوٹی فکیشن کے مطابق ٹیلے وژن، ریڈیو، فریج، ڈیپ فریزر، واشنگ مشین، بلب ، ٹیوب لائٹس، پنکھے، چولہے، اوون، ہیٹر ، کوکنگ رینج اور ٹیلے فون پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس 2 فی صد لیا جائے گا۔ گاڑیوں کے آلات اور پرزہ جات،موبل آئل ،بریک آئل، ٹائر ، ٹیوب، بیٹریز، رنگ، وارنش، پالش اور تھنر پر 2 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس عائد ہوگا۔ دو فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نفاذ یکم جولائی 2013 سے ہوگا ،تاہم صارفین کو اب 5 اکتوبر سے دینا پڑے گا۔ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو طارق باجوہ نے کہا ہے کہ بجٹ میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی شرح 3 سے 4 فی صد تک بنتی تھی جسے تاجروں سے مشاورت کے بعد کم کرکے 2 فی صد کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 2 فی صد ویلیو ایڈڈ ٹیکس اضافہ نہیں بلکہ ریلیف ہے ، جنرل سیلز ٹیکس کی شرح 19 فی صد نہیں کی گئی۔