21 مارچ ، 2012
لاہور… لاہور تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام نہم کے سالانہ امتحانات میں ماڈل ٹاوٴن کے ایک اسکول میں سپلیمنٹری امتحانات کے سوالنامے تقسیم کر دیے گئے جس پر طالبات اور والدین نے بورڈ کی اس کارروائی کے خلاف سخت احتجاج کیاہے۔ لاہوربورڈکے زیر اہتمام گورمنٹ ماڈل گرلز ہائی سکول میں نہم کے امتحانات کے دو سینٹر قائم کئے گئے تھے جن میں دو سو کے قریب طالبات نہم کے سالانہ امتحانات دے رہی ہیں تاہم بورڈ انتظامیہ کی غفلت کے باعث امتحانی عملے نے بچوں میں سیشن 2010 سے 2012 کے پرچے تقسیم کر دئیے جبکہ طلبہ کا کہنا تھاکہ جب سپرینڈنٹ امتحانات کو اس حوالے سے شکایت کی تو انہوں نے سختی سے یہی پرچہ کرنے کا حکم دیا۔امتحانی وقت کے بعد طلبہ اور انکے والدین نے احتجاج کیا۔ انکا کہنا تھاکہ بورڈ کی غفلت کے باعث طلبہ کا قیمتی سال ضائع ہونے کا امکان ہے جس پر اس امتحان کو فوری منسوخ کیا جائے دوسری جانب کنٹرولر امتحانات انور فاروق نے ٹیلی فون پر جیو نیوز کو بتایاکہ اس سینٹر سے اولڈ سیلبس کے پرچے کی شکایت ملی ہے جس کے لیے انہوں نے طلبہ سے تحریری درخواست طلب کر لی ہے جس کے بعد طلبہ کی تعداد کے بعد پرچہ دوبارہ کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل بنایا جائے گا۔