پاکستان
15 اکتوبر ، 2013

پاک بھارت ڈی جی ایم اوملاقات کے امکانات کم،بھارتی اخبار

کراچی…محمدر فیق مانگٹ…بھارتی اخبار”ہندوستان ٹائمز“ کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر پر بڑھتی کشیدگی کے ساتھ بھارت اور پاکستان کے فوجی آپریشن کے ڈائریکٹر جنرلوں ( DGMO )کے درمیان اجلاس کے بہت کم امکان ہے ، ایک اعلی فوجی افسر نے اخبار کو بتایا کنٹرول لائن کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے میں DGMO سطح کے مذاکرات پر ابھی تک اسلام آباد سے کوئی تجویز نہیں آئی ۔بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ اور پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کی ستمبر کے آخر میں نیویارک میں ملاقات کے فورًا بعد ایک سینئر پاکستانی سفارت کار نے اعلان کیا تھا کہ ایک ہفتے کے اندر DGMOs ملاقات کریں گے۔سابق بھارتی آرمی چیف نے اس بات کی تصدیق کی کہ گزشتہ14سال سے دونوں ممالک کے DGMOs نہیں ملے آخری بار ان کی ملاقات کارگل جنگ کے بعد 1999 میں ہوئی۔ تاہم دونوں ہر منگل کو فون پر بات کرتے ہیں۔بھارتی افسر نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی طرف سے سرحدی خلاف ورزیوں کے بعد ملاقات کا کوئی نکتہ نہیں رہ جاتا۔کپواڑہ میں کیرن کے مقام پر در اندازی اور داخلی سطح پر مخالفت کے باوجو دمن موہن سنگھ نے نیویارک میں نواز شریف سے ملاقات کی ۔بھارت کے وزیر برائے امور خارجہ سلمان خورشید نے گزشتہ ہفتے لائن آف کنٹرول کی صورت حال پر کہا تھا کہ بھارت اور پاکستان بات چیت دوبارہ شروع کرنے کے مرحلے پر ابھی نہیں پہنچے۔

مزید خبریں :